کاروار28؍دسمبر (ایس او نیوز)پولیس پریڈ گراؤنڈمیں منعقدہ ضلع پولیس سالانہ کھیل مقابلوں کا افتتاح کرتے ہوئے ضلع شمالی کینرا کے ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے کہا کہ کھیل مقابلوں سے ایک دوسرے کے دوستی اور صحتمند مقابلے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔
محکمہ پولیس کے لئے سال 2018کے یہ کھیل مقابلے 28دسمبر سے 30دسمبر تک منعقد کیے گئے ہیں۔اس موقع پر ڈ ی سی نے کہا کہ ضلع کے عوام کو امن و امان کی زندگی فراہم کرنے میں پولیس کا کردار ہی بہت اہم ہوتا ہے۔دوسری خدمات انجام دینے والے عام افراد کے مقابلے میں پولیس کی خدمات انجام دینے والوں کو چھٹیوں اور گھر والوں کے ساتھ وقت گزاری کے لئے مواقع بہت کم ملتے ہیں۔ایسے حالات میں تین دنوں تک چلنے والے ان مقابلوں میں پولیس جوانوں کو جوش او رخوشی کے ساتھ شریک ہونا چاہیے۔ضلع سطح پر مقابلوں میں حصہ لینے والے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ریاستی تک پہنچنے کی کوشش کریں۔ اور ہمارے ضلع کا نام روشن کریں۔
سالانہ کھیل مقابلوں کے اس موقع پرضلع ایس پی نے استقبالیہ خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ چاہے وہ کھیل کود ہو یا پھر حقیقی زندگی کے معاملات ہوں اس میں جیت یا ہار کو کھلاڑی کے جذبے کے ساتھ لینا چاہیے۔کھیل میں ہار یا جیت اہم نہیں ہوتی ہے، بلکہ کھیل کے مقابلے میں حصہ لینا ہی سب سے اہم ہوتا ہے۔